ناچوز، جو 1940 میں میکسیکو میں پنیر اور جلپینو کے ساتھ تلی ہوئی ٹارٹیلا چپس کے طور پر متعارف ہوئے، آج دنیا بھر میں ایک پسندیدہ اسنیک بن چکے ہیں۔ وقت کے ساتھ اس سادہ ڈش میں کئی جدتیں آئیں اور اب یہ مختلف ذائقوں اور ٹاپنگز کے ساتھ گھروں میں بھی آسانی سے تیار کیے جاتے ہیں۔
گھر پر مزیدار ناچوز بنانے کے لیے سب سے پہلے ٹارٹیلا چپس کا آٹا تیار کیا جاتا ہے۔ ایک گہرے برتن میں پانی اور چاول کا آٹا ہلکی آنچ پر مکس کرکے یکجان کیا جاتا ہے، پھر اس میں نمک اور پسی ہوئی ہلدی شامل کرکے نرم آٹا گوندھ لیا جاتا ہے۔
آٹے کو بیلن کی مدد سے پھیلا کر چوکور شکل دی جاتی ہے اور اسے لمبی پٹیوں کے بعد تکونی ٹکڑوں میں کاٹ لیا جاتا ہے۔ ان ٹکڑوں کو درمیانی آنچ پر فرائی کیا جاتا ہے یا متبادل طور پر اوون میں بیک کرکے خستہ اور سنہری بنایا جاسکتا ہے۔
چیزساس کے لیے دودھ کو گرم کرکے اس میں موزریلا اور چیڈر چیز شامل کی جاتی ہے، ساتھ ہی کالی مرچ، اوریگانو، نمک اور ہلدی ڈال کر پکایا جاتا ہے تاکہ گاڑھا اور مزیدار ساس تیار ہو جائے۔
سالسا بنانے کے لیے دھنیے کی پتیاں، ٹماٹر، پیاز اور ہری مرچیں ایک پیالے میں ڈال کر نمک، کالی مرچ اور لیموں کا رس شامل کیا جاتا ہے، جس سے تازہ اور خوشبودار ذائقہ سامنے آتا ہے۔
آخر میں خستہ ناچوز کو پلیٹ میں رکھ کر ان پر چیز ساس ڈالی جاتی ہے، پھر سالسا، مکئی اور کٹی ہوئی بڑی ہری مرچوں سے سجایا جاتا ہے۔ اس طرح تیار ہونے والے یہ مزیدار اور مسالے دار ناچوز گھر بیٹھے فلم یا ڈرامے کے ساتھ لطف اندوز ہونے کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔
