برصغیر پاک و ہند کی روایتی اور مقبول ڈش مرغ مسلّم اپنے منفرد ذائقے اور خوشبو کی وجہ سے خصوصی مواقع پر خاص طور پر تیار کی جاتی ہے۔ یہ ڈش مکمل مرغی کو مختلف خوشبودار مصالحوں میں میرینیٹ کرکے تیار کی جاتی ہے، جسے چاول اور ابلے ہوئے انڈوں کے ساتھ پیش کیا جائے تو اس کا ذائقہ مزید نکھر جاتا ہے۔
مرغ مسلّم بنانے کے لیے سب سے پہلے ایک کلو وزن کی پوری مرغی کو اچھی طرح صاف کرکے اس پر چھری کی مدد سے کٹس لگا لیے جاتے ہیں تاکہ مصالحہ اندر تک جذب ہو سکے۔ اس کے بعد ایک پیالے میں دہی، ادرک لہسن کا پیسٹ، کشمیری لال مرچ، نمک، پسا ہوا زیرہ، دھنیا اور گرم مسالہ شامل کرکے اچھی طرح مکس کیا جاتا ہے۔ اس آمیزے میں کارن فلور اور تھوڑا سا تیل شامل کرکے گاڑھا میرینیڈ تیار کیا جاتا ہے۔
تیار شدہ مصالحہ مرغی پر اچھی طرح لگایا جاتا ہے اور کم از کم ایک گھنٹے کے لیے میرینیٹ ہونے کے لیے رکھ دیا جاتا ہے۔ بعد ازاں کڑاہی میں تیل گرم کرکے مرغی کو ہلکی آنچ پر چاروں طرف سے سنہری ہونے تک فرائی کیا جاتا ہے۔
شوربہ تیار کرنے کے لیے ایک پتیلے میں تیل گرم کرکے اس میں کٹی ہوئی پیاز سنہری ہونے تک فرائی کی جاتی ہے، پھر اس میں کریم شامل کی جاتی ہے۔ اس کے بعد نمک، لال مرچ، دھنیا پاؤڈر اور گرم مسالہ ڈال کر اچھی طرح بھونا جاتا ہے۔ اس میں پانی شامل کرکے ابال آنے دیا جاتا ہے، پھر فرائی کی ہوئی مرغی شامل کرکے ہری مرچیں ڈال دی جاتی ہیں اور 10 سے 15 منٹ کے لیے دم پر رکھا جاتا ہے۔
چاول تیار کرنے کے لیے الگ پتیلے میں تیل گرم کرکے باریک کٹی گاجر، ہری مرچ اور تھائی لال مرچ کے ساتھ شاہی زیرہ بھونا جاتا ہے۔ پھر ابلے ہوئے چاول شامل کرکے اس میں چکن پاؤڈر، چلی گارلک پاؤڈر، پیاز پاؤڈر اور کٹی ہوئی لال مرچ شامل کی جاتی ہے۔ آخر میں لال شملہ مرچ شامل کرکے چاولوں کو دم دیا جاتا ہے۔
مزیدار اور خوشبودار مرغ مسلّم اب پیش کرنے کے لیے تیار ہے، جسے ابلے ہوئے انڈوں اور چاول کے ساتھ پیش کرکے ایک مکمل اور شاندار کھانے کا لطف اٹھایا جا سکتا ہے۔
